4

فیول پر سبسڈی نہیں دے رہے، آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا

اسلام آباد (بی این این نیوز تازہ ترین – ۔23 مارچ2023ء) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ امیر کے لیے فیول مہنگا اور غریب کے لیے سستا کر رہے ہیں۔ کوئی سبسڈی نہیں دے رہے۔وزیراعظم کے پٹرولیم ریلیف پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے اس پروگرام پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا۔انہوں نے کہا اس پروگرام سے 2 کروڑ 14 لاکھ موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں فائدہ اٹھائیں گی۔گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے ماہانہ 461 ملین لیٹر فیول استعمال ہونے کا تخمینہ ہے۔بدھ کے روز صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں وزیر مملکت کا کہنا تھا اس پروگرام سے پیٹرول کی مد میں امیر اور غریب کا فرق سو روپے ہو جائے گا۔ وزیر اعظم نے ہمیں یہ ہدف دیا ہے کہ چھ ہفتوں کے اندر اندر اس سکیم کو لاگو کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا ہم نے وزیر اعظم سے بارہ سے سولہ ہفتے مانگے تھے لیکن انہوں نے کہا اس پروگرام کو جلد از جلد نافذ العمل بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام پر ایک دھیلے کی سبسڈی نہیں دی جا رہی ہے۔ یہ اسی طرح ہے جیسے دوسرے ممالک میں ٹیکس کا نظام ہوتا ہے یعنی جو ملین ڈالرز کماتے ہیں ان کا ٹیکس ریٹ ذیادہ ہوتا ہے جبکہ جن کی کمائی کم ہوتی ہے ان سے کم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ یہاں اسے ایسے نا فذ کیا جا رہا ہے کہ جو لوگ کروڑوں اور لاکھوں کی گاڑیاں چلا رہے ہیں ان کا پیٹرول مہنگا ہے جبکہ موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں چلانے والوں کے لئے پیٹرول اتنا ہی سستا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ اس میں مسلہ کیا ہی یہ بالکل ٹیکسیشن کی طرح ہے اور پوری دنیا میں یہ نظام رائج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا اگر بالفرض ڈھائی سو روپے فی لیٹر قیمت کا اعلان کرتا ہے تو امیر کے لئے قیمت تین سو روپے فی لیٹر جب کہ غریب کے لئے دو سو روپے ہو گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے نے اس پروگرام پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

آئی ایم ایف کی ترجمان برائے پاکستان کا سکیم کے حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان نے سبسڈی کے معاملے پر عالمی ادارے سے مشاورت نہیں کی۔ آئی ایم ایف نے اس معاملے پر پاکستانی حکام کے ساتھ خدشات کا اظہار کیا تھا اور کہا کہ اس معاملے پر مزید مشاورت کی جائے گی۔ آئی ایم ایف کی ترجمان برائے پاکستان کا کہنا تھا کہ ان کے ادارے نے حکومت پاکستان سے سکیم اور اس کے کام کرنے کے طریقہ کار پر مزید تفصیلات طلب کی ہیں۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے تین روز قبل موٹرسائیکل، رکشہ اور آٹھ سو سی سی تک کی گاڑیوں پر سفر کرنے والوں کے لئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں سو روپے تک کی سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں